92

اس فلم میں کام کیے 2 سال ہوگئے لیکن پیسے ابھی تک نہیں ملے اداکارہ سونیا حسین بول پڑیں

اداکارہ سونیا حسین نے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایک فلم میں 2 سال پہلے کام کیا لیکن اب تک اس کے پیسے نہیں ملے۔

اداکارہ سونیا حسین اور قومی کرکٹر شعیب ملک احسن خان کے شو ’’ٹائم آؤٹ ود احسن خان‘‘ میں شریک ہوئے جہاں سونیا نے پاکستان شوبز انڈسٹری میں فنکاروں کو پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بتایا۔ شو کے دوران گیم کھیلتے ہوئے احسن خان نے سونیا حسین سے شوبز انڈسٹری سے متعلق ایک راز بتانے کے لیے کہا۔

سونیا حسین نے راز بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں فلم ’’ٹچ بٹن‘‘ میں کام کیے ہوئے دو سال ہوچکے ہیں لیکن ابھی انہیں چیک نہیں ملا۔ سونیا حسین کی بات سن کر احسن خان اور شعیب ملک چونک کر رہ گئے۔ بعدا زاں شعیب ملک نے مزاحیہ انداز میں کہا یہ راز نہیں بلکہ چیک لینے کی سازش ہے۔

احسن خان نے سونیا حسین سے چیک نہ ملنے کی وجہ پوچھی تو سونیا نے کہا مجھے نہیں معلوم کہ مجھے چیک کیوں نہیں ملا۔ جس پر احسن خان نے کہا یہ لڑکی سب کچھ بول دیتی ہے۔

واضح رہے کہ فلم’’ٹچ بٹن‘‘ اداکارہ عروہ حسین کا پروجیکٹ ہے اور وہ اس فلم سے بطور پروڈیوسر فلم انڈسٹری میں قدم رکھ رہی ہیں۔ فلم میں سونیا حسین کے علاوہ اداکار فرحان سعید، فیروز خان اور ایمان علی بھی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فلم کی ریلیز کورونا وبا کے باعث رکی ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں