143

ایف بی آر نے بیرون ملک سے موبائل لانے والوں سے وصول ہونے والی اضافی رقم واپس کرنے کا اعلان کر دیا

ایف بی آر نے موبائل فونز پر عائد کسٹمز ڈیوٹی کے حوالے سے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وی بوک سسٹم میں تبدیلی کے دوران غلطی سے کسٹم ڈیوٹی میں اضافہ ہوا جس پر متاثرہ افراد سے معذرت خواہ ہیں انہیں اضافی رقم واپس کی جائے گی۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے  مطابق ایف بی آر کی وضاحت میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی اے کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں علم ہوا کہ غیر ملکی مسافر اپنے پاسپورٹ پر پانچ موبائل فونز رجسٹرڈ کر سکتے ہیں، 500 امریکی ڈالر سے زائد مالیت کے فون پر عائد کسٹمز ڈیوٹی و ٹیکسز ادائیگی کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے ذریعے رجسٹریشن میں فرق تقریبا” 9000 روپے ہے۔ایف بی آر کے مطابق اس فرق کو ختم کرنے اور پاسپورٹ کے ذریعے رجسٹریشن کے تحت صرف ایک فون کی اجازت کے لیے وی بوک موڈیول میں تبدیلی کی جارہی تھی۔ اس پراسیس کے دوران تکنیکی خرابی کی وجہ سے ود ہولڈنگ ٹیکس کی چھوٹ سسٹم سے خارج ہو گئی جس کی وجہ سے پاسپورٹ پر فون رجسٹریشن پر 36720 روپے کسٹمز ڈیوٹی چارج ہونے لگی۔

ایف بی آر نے کہا ہے کہ اس مسئلے کے فوری حل کی کوشش کی جارہی ہے اور تکنیکی ٹیم وی بوک موڈیول کو جانچ پڑتال کر رہی ہے اور عائد ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی درستی کر رہی ہے، آج اس مسئلے کو ٹھیک کر لیا جائے گا، اس تکنیکی خرابی کی وجہ سے جن افراد سے زائد ڈیوٹیز و ٹیکسز لیے گئے ہیں انہیں زائد ادا شدہ رقم فی الفور ریفنڈ کر دی جائے گی۔ایف بی آر اس خرابی  کی وجہ سے مسافروں کو پہنچنے والی مشکل پر معذرت خواہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں