63

دشمن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائیگا

صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ دشمن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، خطے میں امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے، پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔

یوم پاکستان کی تقریب سے صدر مملکت عارف علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو یوم پاکستان مبارک ہو، دوست ممالک اور دیگر شرکا کا بھی شکر گزار ہوں، عظیم الشان پریڈ کے انعقاد پر قوم افواج پاکستان کو مبارکباد پیش کرتی ہے، یوم پاکستان مسلمانان ہند کے ایک الگ تشخص کا دن ہے، قرارداد پاکستان میں ہندوستان کے مسلمانوں کی منزل کا تعین کیا گیا تھا۔

صدر مملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کی فکر اور قائداعظم کی جدوجہد کے نتیجے میں 7 سال میں خواب شرمندہ تعبیر ہوا، پاکستان آج ایک ایٹمی قوت ہے، ہماری دلیر اور بہادر افواج ہماری خداری اور غیرت کی عکاس ہیں، پاک فوج نے آپریشن رد الفساد میں دہشتگردی کے نیٹ ورک کو نیست و نابود کیا، افواج پاکستان نے ہر مشکل میں وطن عزیز کی حفاظت کی۔

کورونا وباء کے حوالے سے عارف علوی نے کہا کہ دنیا کو کورونا وبا کا سامنا ہے، ہم نے کم وسائل کے باوجود کورونا وبا کا سامنا کیا، بہت جلد کورونا وبا پر قابو پالیں گے، لیکن احتیاط لازم ہے، ہمیں زندہ قوم ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔

صدر مملکت عارف علوی نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا کی قیادت تعصب، مذہبی انتہا پسندی کی سیاست کو ترک کر دے، کشمیریوں کے ساتھ ظلم پر پاکستان سمیت پوری دنیا کو تشویش ہے، دنیا کے ہر فورم پر کشمیر کی آواز بلند کرتے رہیں گے، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مقبوضہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے، 5 اگست کا اقدام یو این قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، ہم دفاعی صلاحیت میں خود مختاری حاصل کرچکے، اپنی آزادی کاہرقیمت پر دفاع کریں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں