61

سعد رضوی کا نام مشتبہ دہشتگردوں کی فہرست میں شامل، شناختی کارڈ بھی بلاک

کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی کی جائیداد منجمد کردی گئی، سعد رضوی کا نام مشتبہ دہشت گردوں کی فہرست فورتھ شیڈول میں شامل کر دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے،سعد رضوی کو اصل پاسپورٹ متعلقہ تھانے کے انچارج کو جمع کروانا ہو گا جبکہ مستقل رہائش گاہ سے کہیں اور جانے پر متعلقہ تھانے سے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔سعد رضوی کو کہاں جانا ہے اور کس سے ملنا ہے؟اس کی بھی تفصیل دینی ہوں گی۔ذرائع کے مطابق کالعدم ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا شناختی کارڈ بھی بلاک کردیا گیاجبکہ سعد رضوی کوئی بینک اکاونٹ استعمال نہیں کرسکیں گے، سعد رضوی کسی قسم کی جائیداد کی خرید و فروخت بھی نہیں کرسکیں گے۔نیکٹا نے بھی تحریک لبیک کا نام کالعدم جماعتوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ سعد حسین رضوی کو  لاہور پولیس نے چند روز قبل اس وقت گرفتار کر لیا تھا جب وہ  ایک جنازے میں شرکت کے لئے جا رہے تھے ،سعد رضوی کی گرفتاری کے فوری بعد ملک بھر میں پرتشدد احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا ،ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے پرتشدد احتجاج اور مظاہروں میں چار پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ پانچ سو کے قریب زخمی ہو گئے تھے،پولیس نے  سعد حسین رضوی اور دیگر رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف لاہور،گجرانوالہ،گجرات،ملتان،شیخوپورہ ،راولپنڈی،حیدر آباد اور کراچی کے مختلف تھانوں میں بیسئوں مقدمات  درج کر لئے ہیں ،یہ مقدمات قتل، اقدام قتل کی دفعات کے علاوہ امنِ عامہ کے آرڈیننس اور انسدادِ دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج کیے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں