122

شہزادہ ولیم دنیا کے ’پرکشش گنجے‘ مرد قرار

دنیا بھر میں خوبصورتی اور جاذب نظر شخصیت کے لیے کئی مقابلے ہوتے ہیں اور حیران کن طور پر ایسے مقابلوں میں ایسی شخصیات ابتدائی نمبروں پر آتی ہیں، جن میں عام لوگوں کو زیادہ دلچسپی نہیں ہوتی۔

اور ایسا ہی حال برطانیہ میں ہونے والے ایک حالیہ سروے میں ہوا، جس میں حیران کن طور پر ہولی وڈ اداکاروں اور بڑے بڑے سیاستدانوں کے برعکس برطانوی شہزادہ ولیم دنیا کے ’پرکشش گنجے‘ قرار پائے۔

برطانوی اخبار ’دی سن‘ کے مطابق برطانیہ کے مشہور پلاسٹک سرجری کے ادارے کی جانب سے کیے گئے ایک سروے میں حیران کن طور پر شہزادہ ولیم دنیا کے ’پرکشش گنجے‘ مرد قرار پائے۔

مذکورہ سروے کو متعدد اقسام کی پلاسٹک سرجریز کی خدمات فراہم کرنے والے ادارے ’longevita‘ نے سر انجام دیا اور ادارے نے انٹرنیٹ پر ’گنجے مردوں‘ کو تلاش کیے جانے سے متعلق ڈیٹا کا جائزہ لیا۔

سروے کے دوران ادارے نے یہ دیکھا کہ دنیا بھر میں کتنے افراد نے دنیا کی کس معروف گنجی شخصیت کو کیسے الفاظ، جملوں یا معاملوں پر سرچ کیا۔

ادارے کے مطابق دنیا بھر میں ’پرکشش‘ لفظ کے ساتھ سب سے زیادہ برطانوی شہزادہ ولیم کو تلاش کیا گیا، اسی لیے انہیں ہی دنیا کا ’پرکشش گنجا‘ مرد قرار دیا گیا۔

یعنی دنیا بھر میں شہزادہ ولیم کی انٹرنیٹ پر تلاش کے دوران ان کے نام کے ساتھ ’سیکسی‘ کا لفظ استعمال کیا گیا، جس وجہ سے کاسمیٹک کے ادارے نے نتائج میں انہیں ’پرکشش گنجا‘ مرد قرار دیا۔

حیران کن طور پر مذکورہ فہرست میں ہولی وڈ کے پرکشش اور سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اداکاروں کی فہرست میں نمایاں رہنے والے ڈیوائن جونسن اور ون ڈیزل آخری نمبروں پر آئے۔

اسی فہرست کے حوالے سے برطانوی اخبار ’دی انڈیپینڈنٹ‘ نے بتایا کہ فہرست میں دوسرے نمبر پر امریکی باکسر مائیک ٹائسن، تیسرے نمبر پر برطانوی اداکار جیسن اسٹاتھم، چوتھے نمبر پر امریکی ریپر پٹ بل اور پانچویں نمبر پر امریکی کاروباری شخصیت مائیکل جارڈن رہے۔

ون ڈیزل دسویں نمبر پر رہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پرکشش گنجے‘ مرد حضرات کی فہرست میں چھٹے نمبر پر باکسر فلائیڈ مے ویدر، ساتویں نمبر پر امریکی اداکار جان ٹروولٹا، آٹھویں نمبر پر ہولی وڈ اداکار بروس ولز، نویں نمبر پر ڈیوائن جونسن اور دسویں نمبر پر ون ڈیزل رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں