108

مہنگائی کے خلاف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سڑکوں پر آگئ

نون لیگ کی جانب سے خانیوال اور سیالکوٹ میں کل میدان لگے گا، گوجرانوالہ، گجرات، ساہیوال اور ملتان میں 24 اکتوبر کو مظاہرے ہوں گے۔

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر راناثناءاللہ نے پنجاب میں مہنگائی کے خلاف عوامی احتجاجی مظاہروں کا شیڈول جاری کیا۔ ڈاکٹرز، لیبر اور تاجر سمیت تمام تنظیموں اور ونگز کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔ جس میں کہا گیا کہ تمام مظاہروں میں عوامی شرکت کو یقینی اور حکومتی نااہلی، کرپشن، مہنگائی پہ عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہوا جائے۔

لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران نیازی حکومت سے نجات سے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی سے قوم کو نجات مل سکتی ہے، یہ ظالم، کرپٹ اور نالائق حکومت جائے تو ہی عوام کو مہنگائی سے ریلیف ملے گا، ظالم حکمرانوں کو گھر بھجوانے کے لئے عوام گھروں سے نکلیں، اس گرتی ہوئی دیوار کو آخری دھکا دیں۔

ملتان میں 24 اکتوبر اتوار کو دوپہر 2 بجے چوک حسین آگاہی سے احتجاجی جلوس نکلے گا۔ سیالکوٹ میں ہفتے کے روز 3 بجے چوک علامہ اقبال میں مہنگائی کے خلاف احتجاج ہوگا۔ 23 اکتوبر کو سنگلا نوالہ چوک خانیوال میں احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔ گوجرانوالہ پریس کلب کے سامنے اتوار کو 3 بجے احتجاج ہوگا۔ گجرات میں اتوار کے روز پریس کلب کے سامنے احتجاج ہوگا۔ 24 اکتوبر چوک حسین آگاہی ملتان میں احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔

دوسری جانب قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے عوام سے مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کی اپیل کر دی۔ انہوں نے پارٹی کو جاری ہدایات میں کہا کہ مرکز، صوبے اور اضلاع میں پارٹی رہنما شہری و کارباری تنظیموں اور عوامی انجمنوں کے ساتھ اشتراک عمل کو یقینی بنائیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، معاشی تباہی کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں عوام بھرپور شرکت کر کے حکومت پر عدم اعتماد کریں، حکومت کو مزید وقت دینے کا مطلب عوام کی مزید تباہی، مزید مہنگائی، مزید بے روزگاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں