پشاور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ 9 مئی کے شرپسندوں اور دہشتگردوں میں کوئی فرق نہیں لہٰذا انہیں سزا ضرور ملے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت کا دورہ کیا جہاں ڈی جی ریڈیو پاکستان نے انہیں 9 مئی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نےکہا کہ ریڈیو پاکستان پشاور کی اسی عمارت سے 14 اگست 1947 کو آزادی کی صدائیں بلند ہوئیں اور مملکت خداداد کی آزادی کا اعلان کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 9 اور 10 مئی کو دلخراش واقعات نے پاکستانی عوام کو رنجیدہ کیا، تاریخی اور قومی ورثے کو جلا دینا کہاں کی حب الوطنی ہے؟ چاغی کی یادگار کو بھی راکھ بنا دیا گیا، قومیں اپنی تاریخی ورثےاور شناخت کی حفاظت کرتی ہیں لیکن یہاں جلا دیا گیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے شرمناک واقعے کے مرتکب افراد اور ملک دشمن دہشتگردوں میں کوئی فرق نہیں، ہم عہد کرتے ہیں کہ تمام توانائی جمع کرکے ایسے اقدام کریں گے کہ یہ واقعہ دوبارہ کبھی رونما نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو ہمارا ازلی دشمن بھی نہ سوچ سکا، اپنوں نے دشمن اور دہشت گرد بن کر وہ کام سرانجام دیے، قانون انہیں ضرور سزا دے گا تاکہ قیامت تک کوئی دوبارہ ایسی جرات نہ کرسکے۔