70

کورونا کا پھیلاو ، حکومت بلوچستان نے یکم مئی تک نئی پابندیاں عائد کردیں

حکومت بلوچستان نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے پیش نظر صوبے میں یکم مئی تک نئی پابندیاں عائد کردیں ہفتہ اور اتوار کو صوبہ میں کاروبار سمیت دیگر امور بند رہیں گے، ہر قسم کے اجتماعات پر بھی پابندی عائد کردی ہے ۔

حکومت بلوچستان کے جاری کردہ اعلامیئے کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے مریضوں کے پیش نظر صوبے میں مزید سختیاں کی جائیں گی صوبے میں ہفتہ اور اتوار کو مکمل طور پر بند دن ہونگے ، مارکیٹیں سحری سے لیکر شام چھ بجے تک کھلی رہیں گی البتہ پیٹرول پمپ، روزمرہ اشیاءکی دکانوں،ہسپتالوں ،لیبارٹریوں ، میڈیکل سٹورز ، بلڈ بینک، کھانا فراہم کرنے والے مراکز پابندی سے استثنیٰ ہونگے ۔

اعلامیئے کے مطابق صوبے میں انڈور،آوٹ ڈور سماجی و سیاسی تقریبات اور کھیلوں سمیت دیگر ہر قسم کے اجتماعات پر پا بندی عائد کردی گئی ہے، ریسٹورنٹس میں انڈور کھانے پر پابند ی عائد کردی گئی البتہ افطار سے رات 12بجے تک کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے ساتھ ریسٹورنٹس میں آوٹ ڈور کھانے اور ٹیک اووے کی اجازت ہوگی۔ صوبے میں تراویح بھی کھلی جگہ کروانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کو علماء، سماجی رہنماوں کی رمضان میں ایس اوپیز پر عملدآمد کے لئے معاونت حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، صوبے میں سینیماگھر اورمزارات  بند رہیں گے جبکہ سپورٹس ، ثقافتی فیسٹیول کروانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے ۔

اعلامیئے کے مطابق صوبے میں پارک بند رہیں گے تاہم واکنگ اور جاگنگ ٹریک کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے ساتھ کھلے رہیں گے، صوبے کے تمام سرکاری اور نجی دفاتر میں 50فیصد گھر سے کام کرنے کی پالیسی جاری رہے گی ،مختلف شہروں کے درمیان چلنے والی ٹرانسپورٹ میں مسافروں کی تعداد 50 فیصد تک محدود رہے گی جبکہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ 26اپریل تک ہفتہ اور اتوار کو بند رہے گی۔ اعلامیئے کے مطابق سیاحوں کے لئے کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عملدآمد کو یقینی بنایا جائےگا ،اس سلسلے میں صوبے کے داخلی اورمخصوص مقامات پر کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی کئے جائیں گے، ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ آگاہی مہم چلائے گی، سول انتظامیہ ، پولیس اور لیویز حفاظتی تدابیر پر عملدآمد کے لئے ضلعی اور تحصیل سطح پر ٹیمیں بنا کر اقدامات کریں گے،نئی پابندیوں کا اطلاق یکم مئی کی دوپہر 12بجے تک ہوگا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں