91

ہم گھبرانے والے نہیں، پی ڈی ایم مارچ کا شوق پورا کرے، وزیر خارجہ

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ ہم گھبرانے والے نہیں، پی ڈی ایم احتجاج اور مارچ کا شوق پورا کرے ۔

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ڈی ایم بیرونی ایجنڈے پر کام کررہی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی جماعتیں فیڈریشن کی مخالف ہیں جبکہ تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جو فیڈریشن کی حامی اور قومی سیاسی جماعت  ہے۔

 شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ماضی کی تحریکوں کی طرح اس دفعہ بھی پی ڈی ایم کو مایوسی ہوگی ا ور  حکومت گرانے کی خواہش خواہش ہی رہے گی ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ  ابھی الیکشن کا وقت نہیں، اسمبلی سے باہر بیٹھنے والے وقت کا انتظار کریں  ، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی جبکہ 2023ء کے انتخابات میں بھی تحریک انصاف اقتدار میں آئیگی۔

واضح رہے اس سےقبل اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے مہنگائی کے خلاف ملک کے صوبائی دارالحکومتوں میں احتجاج اور ریلیاں

نکالنے کا فیصلہ کرتے ہوئے لاہور سے اسلام آباد کی طرف فیصلہ کن لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا ۔

اسلام آبادمیں پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں ہونے والے ہنگامی ورچوئل اجلاس میں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز ، شاہد خاقان عباسی ،اویس نورانی اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی تھی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا  کہ لانگ مارچ سے قبل پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے تمام ضلعی اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا جس کا آغاز 13 نومبر سے ہوگا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں