
شادی کی تقریب میں نئی نویلی دلہن کو گدھی کہنے پر اس کے شوہر کو مشکل میں پڑنا پڑ گیا۔ عرب خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، مصر کی 30 سالہ رانیہ نے اپنے شوہر کے خلاف طلاق کی درخواست دیتے ہوئے ایک مقدمہ دائر کیا، جس میں کہا کہ اس کے شوہر نے تقریب کے دوران اسے عوامی طور پر توہین کرتے ہوئے کہا، "تم گدھی ہو۔”
رانیہ، جو طب کی ڈگری ہولڈر ہیں، نے بتایا کہ انہوں نے 33 سالہ ڈاکٹر علی سے شادی کی، کیونکہ دونوں ایک ہی یونیورسٹی میں پڑھ رہے تھے، مگر علی کی سماجی حیثیت اس کے خاندان سے بہت کم تھی۔ رانیہ نے علی کے رویے کو پہلے نظر انداز کیا، یہ سوچ کر کہ وہ اپنی عادات بدل لے گا، لیکن جلد ہی اس کی اصلیت سامنے آ گئی۔
شادی کی تقریب کے دوران، رانیہ جب زمین پر گریں اور اٹھنے کی کوشش کی تو علی نے مہمانوں کے سامنے کہا، "گدھی اٹھو۔” اس پر رانیہ کے بھائی نے مداخلت کی، جس کے نتیجے میں دونوں خاندانوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا اور رانیہ شادی چھوڑ کر اپنے گھر واپس چلی گئیں۔
رانیہ نے مزید بتایا کہ کچھ دن بعد علی انہیں واپس لینے آیا، لیکن ان کے والد اور بھائی نے اس کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا اور طلاق کا مطالبہ کیا، جس پر علی نے انکار کر دیا۔