لاہور کے علاقے گلشن اقبال میں 26 اکتوبر کی سہ پہر موٹر سائیکل پر سوار ایک نامعلوم شخص نے 28 سالہ احسان علی کو پیٹرول مانگنے کے بہانے قتل کردیا اور اس کا موبائل فون لے کر فرار ہوگیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ملزم نے مقتول کو سلام کیا اور پیٹرول مانگا۔ احسان علی اپنی موٹر سائیکل سے پلاسٹک کی بوتل میں پیٹرول نکال رہا تھا کہ ملزم نے اچانک پستول نکال کر اس کے سر میں گولی مار دی۔ مقتول احسان علی ٹھوکر نیاز بیگ پر ٹک شاپ کا مالک تھا۔ پولیس نے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید کہا ہے کہ قاتل اور مقتول کے ایک دوسرے سے واقف ہونے کا امکان ہے اور ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔