آر پی او راولپنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مظاہرین نے پولیس پر براہِ راست فائرنگ کی اور شیل پھینکے۔ پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے آر پی او راولپنڈی نے سی پی او اور ڈی پی او اٹک کے ہمراہ پریس کانفرنس کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن کے 170 اہلکار تشدد کا شکار ہوئے، جن میں سے 24 کی حالت نازک ہے۔ آر پی او نے یہ بھی کہا کہ 32 مختلف کیسز میں 1151 ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں، جن میں 64 افغان شہری بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے مظاہرین نے ہکلہ کے مقام پر پولیس پر براہِ راست فائرنگ کی، تاہم پولیس نے صبر کا مظاہرہ کیا۔ راولپنڈی ریجن میں 32 مقدمات درج کیے گئے اور 11 پولیس کی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا، جب پولیس نے مظاہرین کو روکا تو انہوں نے پُر تشدد کارروائیاں کیں۔ پولیس حکام نے یہ بھی بتایا کہ جب پی ٹی آئی کا قافلہ راولپنڈی میں داخل ہوا، تو مظاہرین نے پولیس پر براہِ راست فائرنگ کی اور آنسو گیس کے شیل پھینکے۔