ملک میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت ستمبر کے دوران سالانہ بنیادوں پر 38.12 فیصد کی نمایاں کمی ہوئی۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق، ستمبر 2024 میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی اوسط قیمت 1744.64 روپے ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ سال ستمبر کے مقابلے میں 38.12 فیصد کم ہے۔ پچھلے سال ستمبر میں یہ قیمت 2819.53 روپے تھی۔ اگست کے مقابلے میں ستمبر میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 5.50 فیصد کی کمی ہوئی، کیونکہ اگست 2024 میں اس کی اوسط قیمت 1846.25 روپے تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق، ستمبر میں وفاقی دارالحکومت میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی اوسط قیمت 1834.49 روپے، راولپنڈی میں 1817.01 روپے، گوجرانوالہ میں 1653.44 روپے، سیالکوٹ میں 1667 روپے، فیصل آباد میں 1610 روپے، اور سرگودھا میں 1733 روپے ریکارڈ کی گئی۔ ملتان میں یہ قیمت 1598.98 روپے، بہاولپور میں 1729.88 روپے، کراچی میں 1878.90 روپے، حیدرآباد میں 1937.54 روپے، سکھر میں 1669.91 روپے، لاڑکانہ میں 1724.92 روپے، پشاور میں 1654.67 روپے، بنوں میں 1630.66 روپے، کوئٹہ میں 1880.83 روپے، اور خضدار میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی اوسط قیمت 1980.69 روپے رہی۔