نیپرا نے بجلی کے صارفین کے لیے ایک ماہ کے لیے فی یونٹ قیمت میں 86 پیسے کمی کی منظوری دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، یہ کمی ایف سی اے کی مد میں ماہ اگست کے بلوں پر لاگو ہوگی، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن نیپرا نے جاری کر دیا ہے۔ سی پی پی اے نے فی یونٹ قیمت میں 57 پیسے کمی کی درخواست کی تھی، جس پر نیپرا نے 26 ستمبر 2024 کو عوامی سماعت کی تھی۔ یہ فیصلہ صارفین کو اکتوبر کے بلوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ نیپرا کے مطابق، جن صارفین کو بل موصول ہو چکے ہیں، انہیں یہ ریلیف نومبر کے بلوں میں دیا جائے گا۔ یہ قیمتوں میں کمی ڈسکوز کے تمام صارفین پر لاگو ہوگی، سوائے لائف لائن صارفین کے۔ پری پیڈ صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر یہ اطلاق نہیں ہوگا، اور کے الیکٹرک کے صارفین بھی اس کمی سے مستفید نہیں ہوں گے۔