
شناختی کارڈ کے حصول کا عمل اب شہریوں کے لیے آسان ہوگیا ہے، کیونکہ نادرا نے جدید خودکار مشینیں نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان مشینوں کے ذریعے شہری بغیر کسی طویل انتظار اور قطاروں کے، اپنا شناختی کارڈ بنوا سکیں گے۔ کراچی میں پہلی بار اسمارٹ شناختی کارڈ کی تجدید اور گمشدہ کارڈ کے حصول کے لیے خودکار مشین نصب کی جائے گی۔ نادرا کی خودکار مشینوں سے شہری قومی شناختی کارڈ کی درخواست، بائیومیٹرک، آئیرس اسکیننگ، تصویر اور سروس کی نوعیت جیسے اختیارات منتخب کر سکیں گے۔ اس کے بعد ایک کیو آر کوڈ فراہم کیا جائے گا، اور ادائیگی بھی ڈیجیٹل طریقے سے کی جا سکے گی۔ یہ مشینیں ابتدائی طور پر کراچی میں نصب کی جائیں گی اور بعد میں دیگر مقامات جیسے ریلوے اسٹیشنز، ایئرپورٹس، شاپنگ مالز اور تعلیمی اداروں میں بھی دستیاب ہوں گی۔ نادرا کے مطابق شناختی کارڈ کی تجدید، ب فارم اور دیگر خدمات کی درخواست کے بعد 15 سے 30 دن میں متعلقہ دستاویزات درخواست گزار کے گھر پہنچا دی جائیں گی۔