محکمہ پاسپورٹ میں پرنٹنگ کی تاخیر کا مسئلہ حل ہو گیا ہے، کیونکہ 10 جدید پاسپورٹ پرنٹنگ ڈیسک ٹاپ مشینیں بیرون ملک سے پاکستان پہنچ چکی ہیں اور اگلے ہفتے سے آپریشنل ہو جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق پاسپورٹ آفس میں ان مشینوں کی انسٹالیشن کا عمل جاری ہے۔ ان نئی مشینوں کے فعال ہونے سے پرنٹنگ کی موجودہ صلاحیت دوگنا ہو جائے گی، جس سے شہریوں کے لیے پاسپورٹ کی ترسیل میں نمایاں بہتری آئے گی۔ اس وقت روزانہ 20 سے 22 ہزار پاسپورٹ کی پرنٹنگ ہو رہی ہے، جبکہ 45 سے 50 ہزار درخواستیں موصول ہوتی ہیں، لہذا نئی مشینوں سے اس دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔