میزان بینک اپنے صارفین کو پاکستان میں 12 ماہ تک کی آسان اقساط کے ساتھ صفر فیصد مارک اپ پر نارمل یا الیکٹرک موٹر سائیکلیں حاصل کرنے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔ اس فنانسنگ اسکیم کے تحت درخواست دینے کے لئے درخواست دہندہ کا پاکستانی شہری ہونا ضروری ہے۔ بزنس مین اور سیلف ایمپلائڈ افراد کی عمر پختگی کے وقت 20 سے 65 سال کے درمیان ہونی چاہیے، جبکہ تنخواہ دار افراد کے لیے یہ عمر میچورٹی کے وقت 21 سے 60 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔ فنانسنگ کے لئے درخواست کے عمل میں تقریباً پانچ سے سات دن لگ سکتے ہیں۔ یہ اسکیم شریعت کے مطابق سود سے پاک ماڈل کے تحت پیش کی جا رہی ہے، جسے "مسوامہ” کے اصولوں کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔ میزان بینک نے اپنی ویب سائٹ پر اس فنانسنگ اسکیم کی تفصیلات میں یہ بھی بتایا ہے کہ یہ ان افراد کے لئے مثالی ہے جو آسان ماہانہ اقساط پر شریعت کے مطابق بائیک فنانسنگ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ میزان بینک کے تحت پیش کی جانے والی موٹر سائیکلوں میں سوزوکی، یاماہا، ہونڈا، سپر پاور اور دیگر مشہور برانڈز شامل ہیں، جو پاکستان کے شہری علاقوں میں سستی قیمت اور کم ایندھن کھپت کی وجہ سے ایک مقبول انتخاب ہیں۔