وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی کے کل ہونے والے احتجاج کے بارے میں سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کل کسی قسم کا ہنگامہ ہوا تو تحریک انصاف کو سختی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے، وزیر داخلہ نے بتایا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم پاکستان کے دورے پر ہیں اور شہر میں اہم عالمی تقریبات جاری ہیں، اس لیے پی ٹی آئی کا احتجاج غیر موزوں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کی انتظامیہ نے احتجاج کے لیے مخصوص مقامات مقرر کیے ہیں، لیکن اگر تحریک انصاف نے احتجاج جاری رکھا تو کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں شکوہ نہیں کیا جانا چاہیے، کیونکہ سیکیورٹی کے انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ سعودی اور چینی وفود بھی پاکستان پہنچ رہے ہیں، جن کی سیکیورٹی کے پیشگی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اپوزیشن سے احتجاج موخر کرنے کی اپیل کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ملک کی بدنامی ہو یا عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔
انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج ہر کسی کا حق ہے، لیکن اس وقت جب عالمی رہنما موجود ہیں، کوئی احتجاج برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمان سے ان کے 25 سالہ تعلق پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ تعلق کسی کی خواہش پر ختم نہیں ہو سکتا۔