
انڈونیشیا کی حکومت نے ایپل کے آئی فون 16 اور حالیہ ایپل واچ سیریز 10 سمیت دیگر ایپل مصنوعات کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے، جس کی وجہ ایپل کی طرف سے وعدہ کردہ سرمایہ کاری کی عدم تکمیل ہے۔ انڈونیشین وزیرِ صنعت گومیوانگ کارتاساسمیتا نے واضح کیا کہ آئی فون 16 کا استعمال غیر قانونی ہے، اور اگر کوئی اسے استعمال کرتا پایا گیا تو اسے رپورٹ کیا جا سکتا ہے۔ وزارت صنعت نے کہا ہے کہ ایپل کے وعدوں میں 109 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری شامل تھی، جس میں اب تک صرف 95 ملین ڈالر ہی پورے کیے گئے ہیں، اس کمی کی وجہ سے آئی ایم ای آئی تصدیق جاری نہیں کی جا رہی، جو کہ قانونی فروخت کے لیے ضروری ہے۔
انڈونیشیا میں غیر ملکی کمپنیوں کے لیے 40 فیصد مقامی مواد کی شرط کے قانون کے تحت ایپل نے ملک میں "ایپل اکیڈمیز” پروگرام کے ذریعے تحقیق و ترقی کی سہولیات قائم کرنے کا وعدہ کیا تھا، تاہم ایپل نے ابھی تک اس بارے میں کوئی واضح منصوبہ ظاہر نہیں کیا۔ انڈونیشین حکومت نے اس پابندی کو ایپل پر اپنے وعدے پورے کرنے کے لیے دباؤ کے طور پر استعمال کیا ہے اور اس فیصلے پر قائم رہنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔