
آندھرا پردیش کے مغربی گوداوری ضلع کے بھیماوری میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا، جہاں ایک نئی نویلی دلہن دلہے کے 15 لاکھ روپے لیکر فرار ہو گئی۔ ویما ریڈی، جو 40 سال کے ہیں، نے بھیماورم کے ایک میرج بیورو میں اپنی تفصیلات درج کرائیں، جہاں سے انہیں ایک لڑکی کی تصویر فراہم کی گئی۔ شادی کے لیے ویما ریڈی نے تین لاکھ روپے دیے، اور دونوں کی شادی کرادی گئی۔ تاہم، شادی کے بعد دلہن نے مختلف بہانوں سے ویما ریڈی سے دوری اختیار کرنا شروع کر دی۔ پندرہ دن بعد، اس نے والد کی بیماری کا بہانہ بنا کر 15 لاکھ روپے لے کر بھیماورم جانے کا ارادہ ظاہر کیا۔ جب وہ ریلوے اسٹیشن پہنچے تو دلہن نے بتایا کہ اس نے اپنی شادی کی اطلاع گھر والوں کو نہیں دی، اور وہ اکیلی گھر جائے گی۔ یہ سن کر ویما ریڈی صدمے میں آگئے، جبکہ دلہن تنہا ہی چلی گئی۔ ویما ریڈی نے تین دن تک اسے تلاش کیا، مگر ناکام رہے۔ آخرکار، انہوں نے میرج بیورو میں شکایت کی، جہاں انہیں بتایا گیا کہ شادی کے بعد ان کی ذمہ داری ختم ہو گئی ہے۔ اس کے بعد، ویما ریڈی ہندوپور رورل پولیس اسٹیشن پہنچے اور دلہن کی گمشدگی اور دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرایا، ساتھ ہی میرج بیورو کے خلاف بھی شکایت کی۔