
اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل سروس مکمل طور پر بحال ہے، تاہم دونوں شہروں میں موبائل فون پر ڈیٹا سروس بند کر دی گئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہر میں انٹرنیٹ سروس بھی جزوی طور پر متاثر ہے۔ ملک بھر میں موبائل فون سروس تو بحال ہو چکی ہے، مگر کئی علاقوں میں موبائل ڈیٹا سروس بند ہے۔ راجن پور اور اس کے گردونواح میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہے، جب کہ بنوں شہر میں انٹرنیٹ سروس معطل ہے، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کے قریب موبائل سروس جزوی طور پر معطل ہے، اور کچھ علاقوں میں ڈیٹا سروس متاثر ہونے کی وجہ سے واٹس ایپ کی سروس بھی متاثر ہو رہی ہے۔ کراچی کے کچھ علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس استعمال میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ فیصل آباد، جہانیاں، اور وہاڑی میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہے، اور موبائل فون انٹرنیٹ کی رفتار بہت سست ہے، جس سے ویڈیو اور آڈیو پیغامات کی رسائی میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ پشاور میں موبائل فون سروس مکمل طور پر بحال ہے، لیکن بعض علاقوں میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر متاثر ہے۔