سوئٹزر لینڈ ایک خوبصورت ملک ہے جو اپنے بہترین ٹرین نظام کے لیے مشہور ہے، اور اب یہ دنیا کا پہلا ملک بننے جا رہا ہے جہاں ریلوے ٹریکس پر سولر پینلز کو ‘کارپٹ’ کی طرح بچھایا جائے گا۔ اس منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے، اور سن ویز نامی کمپنی 2025 کے موسم بہار میں نیوچٹیل کے علاقے کے ریلوے ٹریکس پر سولر پینلز نصب کرے گی۔ اس کمپنی نے سوئس فیڈرل ٹیکنالوجی انسٹیٹیوٹ کے ساتھ مل کر ایک ریموو ایبل سولر سسٹم تیار کیا ہے۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو، جوزف سکوڈیری، نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ یہ پہلی بار ہوگا کہ کسی ریلوے ٹریک پر سولر پینلز نصب کیے جائیں گے اور ٹرینیں ان کے اوپر سے گزریں گی۔ اس مقصد کے لیے ایک مکینیکل سسٹم کا استعمال کیا جائے گا جو سولر پینلز کی تنصیب میں مدد فراہم کرے گا۔