
امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا کے قصبے بینر ایلک میں رہائش پذیر جیری ہکس، جو بڑھئی کا کام کرتے ہیں، 22 اکتوبر کو گھر کا سامان خریدنے جا رہے تھے جب انہیں پارکنگ لاٹ میں 20 ڈالرز کا نوٹ ملا۔ انہوں نے اس سے ایک لاٹری ٹکٹ خریدا اور قسمت نے یاوری کی کہ وہ 10 لاکھ ڈالرز (تقریباً 28 کروڑ پاکستانی روپے) جیت گئے۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ وہ اصل میں کوئی اور ٹکٹ خریدنا چاہتے تھے جو دکان میں دستیاب نہیں تھا۔ انہیں انعامی رقم 25 اکتوبر کو دی گئی، جسے انہوں نے مکمل طور پر ایک ساتھ لینے کا فیصلہ کیا اور ٹیکس کٹوتی کے بعد 4 لاکھ 29 ہزار ڈالرز لے کر اپنے گھر آگئے۔ جیری نے بتایا کہ وہ اس رقم کو اپنے بچوں پر خرچ کریں گے اور 56 سال کی عمر میں ریٹائر ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں، مگر اس سے پہلے وہ اپنی کامیابی کا جشن منانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سب ایک مقامی ہوٹل جائیں گے اور وہاں جو کچھ موجود ہوگا، سب کھائیں گے۔