ملک میں آئندہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، پیٹرول کی قیمت میں 3.29 روپے اور ڈیزل میں 3.13 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے، جو 15 دن کے لیے نافذ ہوگی۔ یہ کمی بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کے نرخوں میں کمی کی وجہ سے ہو رہی ہے۔ اس سے قبل، حکومت نے 16 اکتوبر 2024 کو پیٹرول کی قیمت میں 4.07 روپے اور ڈیزل پر 3.04 روپے فی لیٹر کمی کی تھی۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے اوگرا چیئرمین کو اپنے بھاری مالی نقصانات سے آگاہ کیا تھا۔ آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) کے مطابق، حکومت نے اس بار قیمتوں کے تعین کے فارمولے سے ہٹ کر 16 اکتوبر سے قیمتوں کو کم رکھا اور ڈیزل پر کسٹم ڈیوٹی 1516 روپے سے کم کرکے 13.26 روپے فی لیٹر کردی ہے۔