ایران نے اپنے شہریوں پر موٹرولا موبائل فونز کے استعمال اور خرید و فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، یہ اقدام حالیہ اسرائیلی پیجر دھماکوں کے بعد کیا گیا ہے۔ ایرانی وزیر محمد مہدی برادران کے مطابق، حکومت نے موٹرولا موبائل فونز کی درآمد، خرید و فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی لگا دی ہے، اور ایران میں موٹرولا ڈیوائسز کی فروخت کو بھی روک دیا گیا ہے۔ اس سے قبل، ایران نے اپنی پروازوں میں پیجر اور واکی ٹاکی رکھنے اور استعمال پر پابندی عائد کر دی تھی۔ حزب اللہ کے اراکین اور تقریباً 3 ہزار دیگر افراد کے زیر استعمال پیجرز اور واکی ٹاکیز میں دھماکوں کے ڈیڑھ ماہ بعد یہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ایران نے آن لائن اسٹورز پر بھی موٹرولا فونز کی فروخت روک دی ہے، اور ان اسٹورز نے موٹرولا فونز کو یا تو ہٹا دیا ہے یا انہیں آؤٹ آف اسٹاک ظاہر کیا ہے۔