مسلم ٹاؤن کے علاقے میں پنجاب کالج کے طلبہ کا احتجاج فی میل طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعے کے خلاف جاری ہے۔ کیمپس نمبر 16 کے طلبہ احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے، جس کے دوران پنجاب کالج کے طلبہ اور سیکیورٹی عملے کے درمیان تصادم ہوا۔ یہ تصادم کیمپس نمبر 10 کے قریب حفیظ سنٹر کے پاس پیش آیا، جس میں ایک طالب علم شدید زخمی ہوا، جسے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر رہی ہیں۔ احتجاجی طلبہ کا کہنا ہے کہ سیکورٹی گارڈ اور وین ڈرائیور نے گزشتہ روز ایک فی میل طالبہ کے ساتھ زیادتی کی، جبکہ کالج انتظامیہ اور پولیس اس معاملے کو دبانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ تصادم میں پانچ طلبہ اور چار پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ طلبہ نے انصاف کے مطالبے کے ساتھ سڑک پر آگ لگا کر احتجاج مزید شدید کر دیا، جبکہ پولیس اور کالج انتظامیہ احتجاج کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔