اگر آپ 10 یا 11 سال پرانا آئی فون استعمال کر رہے ہیں، تو آپ کو اسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہو سکتی ہے کیونکہ بہت جلد واٹس ایپ استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق، مئی 2025 سے واٹس ایپ کچھ پرانے آئی فونز کے لیے سپورٹ ختم کر دے گا۔ اس وقت آئی فونز پر واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے آئی او ایس 12 یا اس کے بعد کا آپریٹنگ سسٹم درکار ہوگا، لیکن مستقبل میں صرف آئی او ایس 15.1 یا اس کے بعد کے ورژن والے آئی فون ماڈلز پر ہی واٹس ایپ کام کرے گا۔ اس تبدیلی کا اثر خاص طور پر آئی فون 5 ایس، آئی فون 6 اور آئی فون 6 پلس کے صارفین پر پڑے گا کیونکہ ان ماڈلز کے لیے واٹس ایپ کی سپورٹ ختم کر دی جائے گی۔ یہ ماڈلز فی الحال آئی او ایس 12.5.7 ورژن پر کام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، آئی فون 6 ایس یا اس کے بعد کے ماڈلز پر واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے صارفین کو آئی او ایس 15 یا اس کے بعد کے آپریٹنگ سسٹم کو اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔ واٹس ایپ نے یوزر انٹرفیس اور پرائیویسی سیٹنگز کو مسلسل بہتر کیا ہے، جس کے لیے نئے فیچرز متعارف کرائے جا رہے ہیں جو جدید آپریٹنگ سسٹمز سے ہم آہنگ ہیں۔ یہ بات بھی یاد رکھیں کہ واٹس ایپ نے 24 اکتوبر 2022 کو آئی او ایس 10 اور 11 پر کام کرنے والے آئی فونز کے لیے سپورٹ ختم کر دی تھی۔